سیاسی اختلافات پر ملک کو بدنام کرنا سازش:احسن اقبال

سیاسی اختلافات پر ملک کو بدنام کرنا سازش:احسن اقبال

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر )یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی ایلومینائی ری یونین تقریب ہوئی ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، چیئرمین پی ای سی وسیم نذیر سمیت سینکڑوں انجینئرز نے شرکت کی ۔

وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیرنے خطبہ استقبالیہ میں یوای ٹی کی کارکردگی پیش کی ۔ احسن اقبال نے خطاب میں کہا ملکی ترقی میں انجینئرز کا اہم کردار ہے ، 2047تک پاکستان کو پہلے 10 بہترین معاشی ممالک میں شامل ہوناہے ۔ انہوں نے زمانہ طالبعلمی کی یوای ٹی میں گزری یادیں تازہ کیں اور کہا ان یادوں نے بہت سبق دیئے اور سیاست تک پہنچایا۔ ملک کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ نوجوان ایک نظرئیے کو ہی ٹھیک نہ کہیں غور و فکر کریں، آج سے 23 سال بعد کارکردگی بتانے کیلئے ہمارے پاس کیا ہو گا۔ ہم نے خطے کے مسلمانوں کو معاشی طور پر طاقتور کرنا تھا ، آج دیگر ملکوں سے موازنہ کریں تو ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں، جن ممالک میں انتشار ، دھرنے ہوں، پالیسی کا تسلسل نہ ہو وہ ترقی نہیں کر سکتے ۔ سیاسی اختلافات پر ملک کو بدنام کرنا سازش ہے ،پاکستان ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کو تیار ہے ، مہنگائی کی شرح 4 فیصد تک آ گئی ہے ، ہمیں ملک کو ٹیکنو اکانومی کے طور پر پیش کرنا ہے ۔ ملک کے تمام یوای ٹی اداروں کو مستحکم بنائینگے ۔وفاقی وزیر نے یوای ٹی کی نمایاں پوزیشن پر وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد پیش کی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں