ڈنڈے کے زور سے حکمرانی کانقصان ہو تا ہے :تھنک ٹینک

ڈنڈے کے زور سے حکمرانی کانقصان ہو تا ہے :تھنک ٹینک

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ مائنس ون اورمائنس ٹو کی کہانیاں سنتے رہتے ہیں، طاقتور لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کو سیدھا کردیں گے ، یہ ان کی خوش فہمی ہے ۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’تھنک ٹینک ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ہمیں ضیاالحق اوربعدکے ادواریادہیں ، ہر دور میں کسی پارٹی کو سیدھا کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ہربار الٹ ہو گئی،مائنس ون فارمولہ سیاست میں استعمال نہیں کرسکتے ،ڈنڈے کے زور سے حکمرانی کانقصان ہو تا ہے ۔ دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بارے میں مائنس ون فارمولہ قابل عمل نہیں یہ فارمولہ نوازشریف اور بے نظیر بھٹو پر بھی آزمایا گیاجو ناکام ہوا،تحریک انصاف نے مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی بنائی ہے ،حکومت کو اس کا خیرمقدم کرنا چاہئے ، مذاکرات ہوں تو یہ اچھی بات ہے ۔تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو مائنس کرنے والے کامیاب نہ ہوئے ،عوام نے انہیں الیکشن میں مائنس کیا، عمران خان کو اگر کوئی مائنس کرسکتا ہے تووہ خود ہیں ۔تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ حکومت اور دیگر کا خیال ہے کہ تحریک انصاف حالیہ احتجاج میں ناکامی کے بعد مفاہمت کے راستے پر ہے ۔ یہ پی ٹی آئی کی کمزوری ہے تو حکومت کی خوش فہمی ہے ،تحریک انصاف نے کبھی مذاکرات سے ا نکار نہیں کیاوہ صرف بااختیار لوگوں سے مذاکرات کا کہتے ہیں ، اگر معاملات طے نہ ہوں اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ مذاکرات نہیں ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں