عمران خان کاٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا :واوڈا

عمران خان کاٹرائل فوجی عدالت میں ہوگا :واوڈا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا کا معاملہ نہ سلجھا توحکومت کیلئے پرابلم ہو گی۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہت پہلے کہا تھا بانی پی ٹی آئی کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل سرپرائزنہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فیض حمید نے بہت پہلے شواہد بانی کو دے دیئے ہیں، عمران خان کا تو ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوگا، نومئی کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوا ہے ، آج تک جوکچھ ہوا سب فہرست کا حصہ ہے ، لیپ ٹاپ،ویڈیو،آڈیو،ریکارڈنگ،پلاننگ سمیت بہت سے شواہد ہیں۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ قمرجاوید باجوہ کوجب گیم سمجھ آگئی توانہوں نے فیض حمید کوہٹا دیا تھا، اگروہ فیض حمید کونہ ہٹاتے تو انہیں قصوروارسمجھتے ۔امید کرتا ہوں بانی پی ٹی آئی کی پارٹی کے حوالے سے باقی معاملات میں بھی آنکھ کھل جائے گی،عمران خان خود کہہ رہے ہیں ان کی قیادت گڈا گڈی کھیل رہی ہے ، حکومت اور پی ٹی آئی کے پاس مذاکرات ہی واحد راستہ ہے ، ہفتے ، دس دن کے اندر مولانا کے ساتھ معاملات کو حل کر لیا جائے گا۔رہنما مسلم لیگ حنیف عباسی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جرائم خوارج،بی ایل اے سے زیادہ سنگین ہیں۔ خیبرپختونخوا سے سرکاری وسائل کے ساتھ تین دفعہ حملہ کیا گیا، کبھی کسی پارٹی نے شہدا کے مجسموں کو نہیں جلایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی76سالہ تاریخ میں ایسے واقعات نہیں ہوئے تھے ، پی ٹی آئی نے 26نومبر کو بھی پورا زور لگایا اور اپنی والدہ کو بھی اکیلا چھوڑ دیا۔تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہمیشہ ہمیں کہا جاتا تھا کہ ہم مذاکرات نہیں کرتے ، بانی پی ٹی آئی نے ڈائیلاگ کے دروازے کھول دیئے ہیں۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جو ہم سے معنی خیز مذاکرات کرنا چاہتا ہے ضرور کرے ، پارٹی بانی پی ٹی آئی کا گلہ ضرور دور کرے گی۔ تحریک انصاف اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی، بانی پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی کال دی ہوئی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محمود اچکزئی سینئرسیاست دان ہیں، ان کی ناراضگی والی کوئی بات نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں