سی سی ڈی مبینہ مقابلے ، باپ اور2بیٹوں سمیت 6 ڈاکو ہلاک

 سی سی ڈی مبینہ مقابلے ، باپ اور2بیٹوں سمیت 6 ڈاکو ہلاک

لاہور، گوجرانوالہ،کامونکے (کرائم رپورٹرز، تحصیل رپورٹر )سی سی ڈی پنجاب سے 3مبینہ مقابلے ،لاہور میں زیرحراست 2 ڈاکو جبکہ گوجرانوالہ میں باپ اور 2 بیٹوں سمیت 4خطرناک ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق سی سی ڈی چوہنگ کے اہلکار زیر حراست 2 ملزموں ہمایوں اور اسلم کو نشاندہی کیلئے لے جارہے تھے کہ راستے میں ان کے ساتھیوں نے دونوں ڈاکوؤں کو چھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کردی جس کی زد میں  آکر دونوں ملزم ہی مارے گئے جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دونوں ملزم ڈکیتی ،چوری، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے ۔ادھر سی سی ڈی گوجرانوالہ سے مبینہ مقابلوں میں کانسٹیبل اکرام کھوکھر کو شہیدکرنیوالے ملزم قیوم گجر، اس کے دو بیٹے عمر فاروق عرف عمری گجر ، حماد عرف اویس گجر اوربھتیجا احتشام عرف شامو ہلاک ہو گئے ۔ پولیس حکام کے مطابق سی سی ڈی ٹیم قیوم گجر اور احتشام گجر کو نشاندہی کیلئے لے جا رہی تھی کہ دیوان روڈ پر عمری گجر اور اویس گجرنے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرکے ملزموں کو چھڑوا لیا ۔ جس کے بعد اُنکا سامنا ایمن آباد پولیس سے کوٹلی مانو سدھو کے قریب ہوا تو مبینہ مقابلے میں قیوم گجر اور احتشام گجر ہلاک ہوگئے ۔ بعدازاں ڈیرہ گجراں میں سی سی ڈی سے مقابلے میں اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے عمری اور اویس گجر بھی مارے گئے ، چاروں کی تدفین کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں