این ایچ اے تمام شاہرا ہوں کو بیرئیرز فری کرے :علیم خان
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو لاہور سیالکوٹ موٹروے کی طرز پر تمام شاہراہوں کو بیرئیرز فری ، موٹر ویز اور جی ٹی روڈز کیلئے سیفٹی اینڈ سکیورٹی پلان تیار کرنیکی کی ہدایت کردی ۔
یہ ہدایات انہوں نے اجلاس کے دوران جاری کیں ، وفاقی وزیر نے کہا کہ حادثات میں ریسکیو کے لئے چاروں صوبوں میں ہیلی کاپٹر سروس اور فوری ریلیف ملنا چا ہئے ،1122 کی طرز پر فوری ایمبولینس فراہم کریں ۔ این ایچ اے کراچی سے پشاور تک اور بلوچستان کے لئے ایمرجنسی سروسز سینٹرز کی نشاندہی کرے اور آئندہ ایک ہفتے کے دوران اس سلسلے میں ہنگامی پلان تیار کرے ۔ اجلاس میں تمام شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کی پابندی یقینی بنانے اور جرمانوں میں ایک ہزار فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا اس میں کوئی نرمی نہ برتی جائے ۔ اجلاس میں حیدر آباد، سکھر موٹروے کی تعمیر پر مختلف آپشنز کے حوالے سے غوروخوض اور مختلف تجاویز پیش کی گئیں، وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے اجلاس کو مختلف محکمانہ امور اور رواں منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔