لاپتا افراد کیس:پیشرفت نہ ہونے پر عدالت تفتیشی افسر پر برہم

لاپتا افراد کیس:پیشرفت نہ ہونے  پر عدالت تفتیشی افسر پر برہم

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا شہری کی بازیابی میں پیشرفت نہ ہونے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ  میں 2021 سے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سید ذوالفقار علی شاہ 2021 سے تھانہ شارع فیصل سے لاپتا ہے ، متعدد جے آئی ٹی اجلاس اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ہوچکے ہیں، جے آئی ٹیز اجلاس کے باوجود تاحال کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتائیں اب تک کیا کارروائی کی گئی ہے ؟ ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر کے مطابق 6 نامعلوم افراد شہری کو گاڑی میں گھر سے اٹھا کر لے گئے ، ملک بھر کی متعدد ایجنسیوں کو خطوط لکھے ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بس خط لکھ رہے ہیں، ہر بار یہی جواب دیتے ہیں، کوئی نئی چیز بتائیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 23 جنوری تک ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں