کراچی ائیرپورٹ سے انسانی سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام

کراچی ائیرپورٹ سے انسانی سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی سے انسانی سمگلنگ کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی، بھارتی ایجنٹ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ترجمان وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )کے مطابق اس سلسلے میں امیگریشن نے کراچی ائیر پورٹ پر کارروائی میں ایجنٹ سمیت 4 مسافر گرفتار کرلیے ۔

گرفتار ملزموں میں حسیب احمد، قیصر احمد، عثمان علی اور ایجنٹ عبدالشکور شامل ہے ۔ملزموں کا تعلق فیصل آباد، چنیوٹ، گوجرانوالہ اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے ہے ۔ انسانی سمگلر عبدالشکور نے دیگر ملزموں کو پولینڈ بھجوانے کے نام پر 14 لاکھ روپے فی کس کے معاہدے کیے ۔ملزموں نے ایجنٹ کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے فی کس ایڈوانس میں ادا کیے ۔ زیرحراست ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے آذربائیجان سے پولینڈ جانا تھا۔ایف آئی اے  حکام کے مطابق انسانی سمگلر عبدالشکور کے موبائل سے اہم شواہد برآمد کر لیے گئے ۔ملزم نے دیگر ملزموں کے آذربائیجان کے ویزے زم زم ٹریول شانگلہ ہل سے حاصل کیے ۔حکام کا کہنا ہے ملزم عبدالشکور کے بھارتی ایجنٹ سے رابطے بھی پکڑے گئے ہیں۔ آذربائیجان میں رہائش پذیر بھارتی ایجنٹ گوتم شرما نے ملزموں کو باکو سے غیر قانونی طور پر پولینڈ بھجوانا تھا۔ملزموں کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی سازش بے نقاب کر دی۔یاد رہے کہ عمرے کی آڑ میں گداگری میں ملوث افراد کے خلاف بھی ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائیاں جاری ہیں ۔نے کراچی ایئرپورٹ سے ایف آئی اے نے تین مسافر خواتین عروج فاطمہ، مریم نذیر اور جمیلہ بی بی کو گرفتار کرلیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں