لاہور پریس کلب:ارشد انصاری 13ویں مرتبہ صدر منتخب

لاہور پریس کلب:ارشد انصاری 13ویں مرتبہ صدر منتخب

لاہور(سیاسی نمائندہ،سپیشل رپورٹر )لاہور پر یس کلب کے سالانہ انتخابات میں جرنلسٹ پروگریسوالائنس کے امیدواروں نے شاندار کامیابی حاصل کی اور ارشد انصاری1108 ووٹ لیکر13 ویں بار لاہور پریس کلب کے صدر منتخب ہو گئے۔۔۔

 انکے مدمقابل  امیدوار بابر ڈوگر نے 818 اور احسن ضیانے 26 ووٹ حاصل کئے ۔ نتائج کے مطابق سینئرنائب صدرکی سیٹ پر افضال طالب ، نائب صدر صائمہ نواز ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز منتخب ہوئے ۔ گورننگ باڈی کی 9 سیٹوں پر مدثر شیخ، سید بدر سعید، خواجہ سرمد فرخ، رانا شہزاد، شاہدہ بٹ، محبوب چودھری، شاکر محمود اعوان، اسد محمود گڈو اور الفت حسین مغل نے کامیابی حاصل کی ۔ چیئرمین الیکشن کمیٹی شفیق اعوان،ممبرز میاں حبیب ، نعیم اقبال ، مبشر بخاری ، میاں شاہد اور ارسلان بھٹی نے الیکشن کے نتائج کا اعلان کیا۔ نومنتخب صدر ارشد انصاری نے اس موقع پر کہا انتخابات کا عمل مکمل ہوگیاہے جس میں کوئی بھی نہیں ہارا ، انتخابات میں حصہ لینے والے تمام صحافی ہمارے دوست ہیں اور سب انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہم صحافی کمیونٹی کی خدمت کا جذبہ لیکرآئے ہیں اور ماضی کی طرح ان کی خدمت میں کوئی کسراٹھا نہ رکھیں گے ۔جرنلسٹ پروگریسو الائنس کے قائدین اور تمام سپورٹر ز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ الائنس کی مشترکہ شاندار کامیا بی ہے ۔سیکرٹری زاہد عابد نے کلب سٹاف کیلئے آدھی سیلری الیکشن بونس اور دو چھٹیوں کا اعلان کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پریس کلب صحافیوں کی مضبوط آواز ہے جس نے ہمیشہ عوام کے مسائل ایوانوں تک پہنچائے ۔مبارکباد کے پیغام میں وزیر اطلاعات نے کہا مسلم لیگ (ن)کی حکومت آزادی اظہار رائے اور آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدیداروں کو مبارکباددی اور نیک تمنائوں کا اظہارکرتے ہوئے کہا امید ہے صدر ا ور دیگر عہدیدار لاہورکی صحافی برادری کی فلاح وبہبود کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی اور وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضیٰ اور دیگر نے بھی ارشد انصاری اور دوسرے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں