ایران میں 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک

ایران میں 10 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک۔) حکومت پاکستان نے ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کر دئیے ۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ایران میں مختلف جرائم میں ملوث 10 ہزار 50پاکستانیوں  کے پاسپورٹ بلاک کردئیے گئے ، ان پاکستانی شہریوں پر مختلف جرائم کے الزامات تھے ، پاکستانی شہری انسانی سمگلنگ، غیر قانونی رہائش، منشیات، شدت پسندی اور دیگر جرائم میں گرفتار کیے گئے ہیں جبکہ ایران نے گزشتہ ڈیڑھ سال میں 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا ہے ، 4 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے کے جرم میں ایران میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ جرائم میں ملوث پاکستانی شہریوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کی گئی ہے ، جرائم میں ملوث پاکستانیوں کے پاسپورٹ 5 اور 7 سال کیلئے بلاک کیے گئے ہیں ۔ خیال رہے چند روز قبل یو اے ای میں منشیات کے جرائم میں ملوث 2 ہزار 470 پاکستانیوں کے پاسپورٹس بلاک کیے گئے ہیں ۔نومبر میں حکومت پاکستان نے عراق سے ڈی پورٹ 1500 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا عمل شروع کیا تھا، ابتدائی طورپر 50 پاکستانیوں کے پاسپورٹ 7 سال کیلئے بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق عراق سے ایک ہزار 500 سے زائد پاکستانی شہری گزشتہ 6 ماہ میں ڈی پورٹ ہوئے ہیں جن کے پاسپورٹ بلاک کیے جائیں گے ۔اکتوبر میں حکومت پاکستان نے سعودی عرب میں قید 4 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے تھے ،سعودی عرب کی حکومت نے ان 4 ہزار پاکستانی شہریوں کو بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا،ان پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ 7 سال کیلئے بلاک کیے گئے ہیں، سعودی عرب میں گرفتار 60 فیصد سے زائد شہریوں کا تعلق صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں