مغربی ہواؤں کی آمد پر رواں ہفتے ملک بھرمیں بارشیں

مغربی ہواؤں کی آمد پر رواں ہفتے ملک بھرمیں بارشیں

لاہور،اسلام آباد(سٹی رپورٹر،اپنے رپورٹرسے ، دنیا نیوز)نئے سال کے آغاز پرمغربی ہواؤں کی آمد پر پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سردی کی شدید لہر، رواں ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہونگی۔

 مغربی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آج رات سے 6جنوری تک پنجاب میں سرگودھا، میانوالی، بھکر، خوشاب، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،ملتان، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفر گڑھ، تونسہ شریف، خانیوال، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ ، بہاولنگر ، اسلام آباد،مری اورگلیات میں بارشیں اور شدید برفباری ہوگی ۔ یکم سے 4جنوری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار،ہرنائی، ژوب ، موسیٰ خیل جبکہ گلگت بلتستان،کشمیر اورخیبر پختونخوا کے علاقوں میں آج سے 6جنوری تک وقفے وقفے سے بارشوں اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے ۔ اس دوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم 3 اور 4 جنوری کو دادو، قمبر، شہید بینظیر آباد، سکھر اور جیکب آباد میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ 2 سے 6 جنوری تک شدید برفباری پرمری، گلیات، ناران، کاغان ودیگرپہاڑ ی مقامات پر ٹریفک کی روانی میں خلل،لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔پی ڈی ایم اے نے لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 2 سے 6 جنوری تک بارشوں پر الرٹ جاری کردیا۔ ڈی جی عرفان کاٹھیا اور ترجمان کا کہناہے کہ شہری خراب موسم پرغیر ضروری سفر سے گریز کریں ،ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن1129 پر کال کر یں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں