اغوا برائے تاوان کا 17برس بعد فیصلہ،مجرموں کو 2 بار عمر قید
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسدادِ دہشت گردی عدالت نے اغوا برائے تاوان کا 17 برس بعد فیصلہ سناتے ہوئے 2 ملزموں کو 2 بار عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق الفلاح تھانے میں 2007 ء میں درج شہری کے اغواء برائے تاوان کے مقدمے کا عدالت نے 17 برس بعد فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 2 ملزموں کو 2بار عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے شہری کو قید کرنے اور کار چوری کے جرم میں ملزموں کو مجموعی طور پر مزید 10سال کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے ۔ عدالت نے ملزم نوید حفیظ اور ملزم نوازش اکبر کی تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا ہے ۔ استغاثہ کے مطابق 2006 ء میں ملزموں نے کاروباری تنازع پر شہری شیر بہادر کو ملیر کورٹ کے قریب سے اغواء کیا تھا، ملزموں نے شہری کے بھائیوں کو کار سے اتار ا اور اسے اور کار کو ساتھ لے گئے تھے ، ملزموں نے شہری کو پانچ ماہ سے زائد قید کیے رکھا اور شہری کے گھر والوں سے 70 لاکھ نقد اور 90لاکھ روپے مالیت کے زیورات وصول کیے ، ملزموں کے تین ساتھی تاحال مفرور ہیں، ملزموں کے خلاف تھانہ الفلاح میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔