ٹی وی پر عمران خان کا نام لینے پر پابندی عائد نہیں کی :پیمرا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)کے حکام نے ڈس اور مس انفارمیشن قانون کی وضاحت کردی اور کہا ہے کہ نیوز چینلز میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کا نام لینے پر پابندی عائد نہیں کی ۔
ڈی جی آپریشنز پیمرا محمد طاہر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ قانون میں ترمیم کے بعد پیمرا ٹی وی چینلز کے ملازمین کو تنخواہیں اور بقایا جات نہ ملنے پر قانونی کارروائی کرسکتا ہے ۔ خالی نشستوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے امید ہے اگلے ماہ مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاپاکستان میں 85 چینلز کو لائسنس دئیے گئے جبکہ 35 غیر ملکی چینلز کو لینڈنگ رائٹس دئیے گئے ہیں۔ چند مذہبی چینلز بغیر لائسنس کے چل رہے ہیں، جن کے خلاف قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں۔ مذہبی جماعتیں ایسے مذہبی چینلز کی پشت پناہی کرتی ہیں اس لئے عدالتیں ان مقدمات کے فیصلوں سے گریز کر رہی ہیں۔ محمد طاہر کا کہناتھاکہ 2023 میں مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کو قانون میں شامل کرلیا گیا ، جان بوجھ کر اور دوسرے فریق کا مؤقف لئے بغیر ذاتی عناد یا مفاد کی بنیاد پر کسی کے خلاف خبر چلانا ڈس انفارمیشن ہے ۔