طلبہ بہکاوے میں نہ آئیں، کسی کا ایندھن مت بنیں: مریم نواز
ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ طلبہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، کسی کا ایندھن مت بنیں۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ سکالر شپس لینے والے تمام طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، آج طلبہ سے بطور وزیراعلیٰ نہیں ایک ماں کے طور پر مخاطب ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے آج کل تعلیم مہنگی ہے ،اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں، آج طلبہ کی محنت کے صلے نے ماں باپ کا بوجھ اٹھا لیا ہے، بچے پیار سے میرا شکریہ ادا کررہے ہیں، میراشکریہ اداکرنے کی ضرورت نہیں یہ آپ کی محنت کا ثمر ہے فیصلہ کیا تھا کہ ہر جگہ خود جاکر سکالرشپس دوں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ میرا پیسہ بالکل نہیں ،پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے، میں یہ پیسہ اپنے گھر سے نہیں لائی، پچھلے 75 سال سے بھی یہ پیسہ آپکا تھا، میرا سوال ہے یہ پچھلے 75 سال میں آپ کو کیوں نہیں ملا؟
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بچوں کو 100 فیصد میرٹ پر سکالر شپس دیئے گئے ہیں، کسی سے نہیں پوچھا کہ کس سیاسی جماعت سے تعلق ہے، کسی کو ایم این اے ،ایم پی اے کی سفارش پر سکالر شپ نہیں دیا، ہونہار سکالر شپس پروگرام کا نعرہ ہے پڑھو یقین سے، میں چاہتی ہوں آپ سکون سے پڑھو ۔
ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار سکالر شپس کردوں، انٹرنیشنل سکالر شپس پروگرام پر بھی کام کررہی ہوں، انٹرنیشنل سکالر شپس پروگرام کو بھی جلد شروع کریں گے، لیپ ٹاپس کی پہلی شپ منٹ آچکی ہے، بہت جلد لیپ ٹاپس لیکر سب کے پا س آرہی ہوں، کوشش ہے آپ کو جدید لیپ ٹاپس ملیں جو آپ کے کام آسکیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے داخلہ لینا ہے فیس کی پوری ذمہ داری میری ہے، چاہتی ہوں اس پروگرام کو 100بلین تک لے کر جائیں، چاہتی ہوں کوئی ذہین بچہ یا بچی اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے، کوشش ہوگی آپ کے کالجز اور یونیورسٹیز کو اچھی بسیں فراہم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم 30 ہزار الیکٹرک بائیکس دے رہے ہیں جس کا پہلا فیز مکمل ہوگیا ہے، ہمیں الیکٹرک گاڑیوں کی طرف بھی منتقل ہونا چاہیے، نہیں چاہتی کہ پنجاب کے لوگ آلودہ فضا میں سانس لیں، چینی کمپنیاں پنجاب میں الیکٹرک بائیکس کا یونٹ لگا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اتنی ساری نوکریاں پیدا کرنا آسان کام نہیں ، چاہتی ہوں ڈگری کے بعد آپ کو در در کی ٹھوکریں نہ کھانا پڑیں، آپ کیلئے بلا سود قرض پروگرام لارہی ہوں، تین کروڑ روپے تک کا قرضہ آپ کو ملے گا، اس قرضے سے آپ اپنا کاروبار کرسکیں گے، ہم اگلے ہفتے قرض پروگرام کو لانچ کرنے جارہے ہیں۔
مریم نواز نے طلبہ کو تلقین کی کہ کبھی اپنے ملک کے خلاف نہیں جانا، کسی کے بہکاوے میں مت آنا، کسی کا ایندھن مت بننا، اگر کوئی کہے آگ لگاؤ، میٹرو توڑ دو تو اس کی باتوں میں مت آنا، بچے معافی مانگ کر جیلوں سے باہر آئے تو مجھے تکلیف ہوئی، سیاسی پسند ناپسند بری بات نہیں لیکن دوسروں کی عزت کریں۔