دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم لائق تحسین ہے: ایاز صادق
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبرپختونخوا میں مختلف آپریشنز میں خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فتنہ الخوارج کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر، نائیک محمد عثمان کو خراج عقیدت پیش کیا، شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں، خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں، خوارجی دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کا غیر متزلزل عزم لائق تحسین ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
سردار ایاز صادق نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔