پاک ایران تجارت کیلئے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں:گورنر

پاک ایران تجارت کیلئے وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں:گورنر

لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے دورہ ایران کے دوران مشہد میں گورنر جنرل خراسان رضوی غلام حسین ظفری سے ملاقات کی۔ پاک ایران مذہبی سیاحت،تعلیم اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 گورنر سلیم حیدر نے کہا پاکستان کا ایران سے برادرانہ تعلق اور محبت کاگہرارشتہ ہے ۔ پاکستان اور ایران میں تجارت کو فروغ دینے کیلئے کاروباری وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے لاہور کے تاجر مشہد اور مشہد کے تاجر لاہور میں تجارتی نمائشیں لگائیں۔گورنر نے اس حوالے سے موقع پر موجود وزارت خارجہ کے نمائندے کو ہدایات بھی جاری کیں اور کہالاہور واپس جاکر اس پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیں گے ۔ گورنر نے پاکستان اور مشہد کی یونیورسٹیوں میں تعاون کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا کہ فردوسی یونیورسٹی مشہد میں اقبال چیئراور شعبہ اردو کے قیام سے تعلیمی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ دونوں ممالک میں ثقافتی تعلقات کو بھی فروغ دیناچاہئے ۔ اس حوالے سے پنجاب اور صوبہ خراسان میں معاہدہ پر دستخط بھی کیے جا چکے ہیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے گورنر جنرل خراسان رضوی کو لاہور کے دورے کی بھی دعوت دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں