مریم کی جعلی تصاویر:عمران ریاض شہباز گل کیخلاف مقدمہ درج

مریم کی جعلی تصاویر:عمران ریاض  شہباز گل کیخلاف مقدمہ درج

لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر یو اے ای کی جعلی تصاویرسوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر صحافی، یوٹیوبر عمران ریاض، امریکا میں مقیم پی ٹی آئی رہنما شہباز گل اور سوشل میڈیا پر سرگرم ندیم جاوید سمیت 5 افراد کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمات درج کر لئے ۔

ملزموں کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں ۔ دو دیگر مقدمات میں  مظفر گڑھ، فیصل آباد اور لاہور سے تین افراد گرفتار بھی کئے گئے ہیں ۔ شالیمار سکیم لاہور سے محمد ندیم جاوید کو گرفتار کیا گیا ۔اسی مقدمے میں شہباز گل اور عمران ریاض نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق وزیر اعلیٰ اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان کے خلاف سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار نامناسب مواد پھیلانے پر پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ (پیکا) 2016 کی دفعات 20، 21ڈی اور24لگائی گئی ہیں۔اس کیس میں دو دیگر ملزموں کے خلاف ملتان اور فیصل آباد میں بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔مقدمے میں یہ بھی درج ہے کہ اس مہم کے ذریعے پاکستان کے بین الاقوامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق عمران ریاض اور ڈاکٹر شہباز گل نامناسب مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے اور شیئر کرنے میں ملوث پائے گئے ۔ ایک اور ملزم محمد اعجاز کو مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی سے گرفتار کیا گیا۔فیصل آباد سے عامر عباس کو گرفتار کیا گیا۔تمام ملزموں نے ملکی اور غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کے بارے میں جعلی ویڈیوز وائرل کیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے شہباز گل اور عمران ریاض کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے ۔ادھر ملزموں کی گرفتاری کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائمز چودھری سرفراز کی سربراہی میں کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی گئی ہے ۔سرفراز چودھری کا کہنا ہے ٹیم ممبران میں ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور شامل ہیں ۔چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ادھر شہباز گل نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایف آئی آر شیئر کرتے ہوئے لکھامیرا ایک ہی ٹک ٹاک اکاؤنٹ ہے جس ٹک ٹاک اکاؤنٹ Shahbaz_gill04 کو وجہ بنا کرمقدمہ کیا گیا وہ اکاؤنٹ میرا ہے ہی نہیں، کسی فین نے بنایا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں