قومی ترقی میں خواتین کا کر دار ، دسویں کے نصاب میں مریم نواز بھی شامل
لاہور(سجاد کاظمی سے )دسویں جماعت کے مطالعہ پاکستان میں قیام پاکستان 1947سے عہد حاضر تک قومی ترقی میں خواتین کی خدمات پر اہم خواتین شخصیات کو شامل کر لیا گیا۔
جس میں وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازاور ان کی والدہ کلثوم نواز کی خدمات کا ذکر بھی شامل اشاعت ہے ۔دسویں جماعت کے 2025میں آنے والے مطالعہ پاکستان میں فاطمہ جناح کے ساتھ 11نئی خواتین کی خدمات کو سراہا گیا اور یہ کتاب 2025میں میٹرک کے طلبہ کو سرکاری و نجی سکولوں میں یکساں نصاب تعلیم کے تحت پڑھائی جائے گی۔ بے نظیر بھٹو ،کلثوم نواز ،فہمیدہ مرزا ، نصرت بھٹو اور مریم نواز کے کردار کو بھی سراہا گیا۔مطالعہ پاکستان میں چیف جسٹس ہائیکورٹ مس جسٹس عالیہ نیلم، بلقیس ایدھی، ارفع کریم، ثمینہ بیگ ، شمشاد اختر اور نگار جوہر خان بھی شامل ہیں۔نیا مطالعہ پاکستان دسویں جماعت 2025کے نصاب میں پڑھایا جائے گا۔ تمام خواتین کا کردار مطالعہ پاکستان کے باب نمبر 8کے صفحہ نمبر 163پر شائع کیا گیا ہے ۔دسویں جماعت کے مطالعہ پاکستان میں 2025 میں بے نظیر بھٹو کے ساتھ نصرت بھٹو کو بھی مضمون میں شامل کیا گیا ۔مطالعہ پاکستان کے متن میں درج ہے کہ مریم نواز شریف پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہیں،انہوں نے 2024میں پنجاب کی وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھایا،مریم نواز شریف کی حکومت نے مختلف شعبوں صحت، تعلیم، توانائی ، زراعت اور انفرا سٹریکچر وغیرہ میں متعدد منصوبوں اور پروگراموں کا آغاز کیا ہے ۔موجودہ چیف جسٹس کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ جسٹس عالیہ نیلم 2024میں لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس بنیں،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا وہ خاتون ہیں جو 2008سے 2013تک قومی اسمبلی کی سپیکر رہیں، ابھی پرائیویٹ سکولوں کے لیے ایلوکیشن کی کتابیں شائع کی جارہی ہیں جس میں مذکورہ خواتین کے اس مضمون کو بھی شامل رکھا جائے گا۔