9مئی کیسز،علیمہ،صنم جاوید اوردیگرکی ضمانت میں توسیع

9مئی کیسز،علیمہ،صنم جاوید اوردیگرکی ضمانت میں توسیع

راولپنڈی، اسلام آبا د، لاہور (احمد بھٹی، رضوان قاضی، کورٹ رپورٹر،عدالتی رپورٹر )لاہور انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو دلائل مکمل کرنے کا آخری موقع دے دیا ۔

 راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے صنم جاویداورمشعال  یوسفزئی کے پیش ہونے پر ان کی ضمانتوں میں 28جنوری تک توسیع کردی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظرعلی گل نے جناح ہاؤس حملہ کیس اور 5 اکتوبر کو جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں علیمہ خانم اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 12 فروری تک توسیع کی اور آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے ریکارڈ طلب کر لیا۔ پراسیکیوشن نے مزید تاریخ دینے کی استدعا کی اور کہا ریکارڈ موجود نہیں ، عدالت نے برہمی کرتے ہوئے کہا تمہارا روز کا کام ہے ریکارڈ موجود نہیں ،اگلی تاریخ پر کچھ بھی ہو،دلائل سن کر اورریکارڈ دیکھ کر فیصلہ کر دوں گا۔انسداد دہشتگردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے تھانہ آر اے بازار کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی اڈیالہ جیل میں دوسری باقاعدہ سماعت میں استغاثہ کے پانچویں گواہ کی شہادت قلمبند کرنے کے بعد مقدمہ کی سماعت 22جنوری تک ملتوی کردی ،بانی پی ٹی آئی ، شہریار آفریدی ، شیخ رشید، مسرت چیمہ اور دیگر ملزم عدالت میں موجود تھے ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے 26نومبر کے پی ٹی آئی احتجاج پر تھانہ رمنا کے مقدمہ میں 30ملزمان کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ انسداد دہشتگری عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے سنگجانی جلسہ پر درج مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل کی عبوری ضمانت میں10فروری تک توسیع کر دی۔ لاہور کی سپیشل سنٹرل عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی اور ان کے خاندان کے افراد کے خلاف منی لانڈرنگ کیس مقرر کر دیا گیا، سماعت 20جنوری کو ہو گی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل تیار کر لی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرسٹر سلیمان صفدر اور خالد یوسف ایڈووکیٹ اپیل دائر کرینگے ، وکالت نامے مجرموں کے دستخط کرانے کیلئے اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کر دیئے گئے ، 21جنوری کو اپیل دائر ہونے کا امکان ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں