وزیراعلیٰ سندھ کی بیجنگ میں چینی کمپنیوں سے ملاقاتیں، سرمایہ کاری کی دعوت

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ اور چین کے درمیان معاشی تعاون کی جانب اہم قدم ۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ حکومت کے اعلیٰ سطح وفد نے بیجنگ میں چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں بنیادی اسٹرکچر اور توانائی کے بڑے منصوبوں پر توجہ مبذول کرائی گئی جس سے دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے کی راہ ہموار ہوئی۔
وفد میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی شامل تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ 2016 سے چینی حکام کے پاس منظوری کے لیے زیر التوا ہے ، مختلف بی آر ٹیز پر کام جاری ہے جب کہ دو منصوبے (گرین اور اورنج) چل رہے ہیں لیکن ان کا حقیقی فائدہ اس وقت پہنچے گا جب بی آر ٹیز کے مین فیڈر کے سی آر کو آپریشنل کیا جائے گا۔ مراد شاہ نے چینی کمپنیوں کو بتایا کہ بجلی کے علاوہ کوئلے سے گیس، کوئلے سے ڈیزل اور کوئلے سے یوریا جیسے منصوبے بنائے جاسکتے ہیں جس کے لیے انہوں نے انہیں دعوت دی کہ وہ تھرآئیں اور سرمایہ کاری کریں۔وزیراعلیٰ نے صاف ستھری، زیادہ موثر پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے الیکٹرک بسوں اور ٹیکسیوں کو متعارف کرانے پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے سندھ کی ترقی کو تیز کرنے اور روزگار کے بے شمار مواقع پیدا کرنے کے لیے چین کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ علاوہ ازیں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چینی کمپنی کو باضابطہ طور پر کراچی میں ای وی بس مینوفیکچرنگ پلانٹ قائم کرنے کی دعوت دی۔ وزیر توانائی ناصر حسین شاہ بھی ملاقات میں موجودتھے ۔سینئروزیر نے کہا کہ حکومت سندھ سرمایہ کاروں کو ٹیکس میں رعایت، زمین کی فراہمی اور ریگولیٹری منظوری کے عمل کو آسان بنانے سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔چینی کمپنی کے نمائندوں نے دعوت کا خیرمقدم کیا اور کراچی میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے شرجیل انعام میمن کو یقین دہانی کروائی کہ جلد ہی ایک فزیبلٹی اسٹڈی کی جائے گی تاکہ منصوبے کی معاشی اور تکنیکی حیثیت کا اندازہ لگایا جا سکے۔