مہنگائی میں کمی معاشی بہتری کا اشارہ: نواز شریف، خدمت کی روایت آگے بڑھا رہے: مریم نواز

مہنگائی میں کمی معاشی بہتری کا اشارہ: نواز شریف، خدمت کی روایت آگے بڑھا رہے: مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی۔ گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان سے ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، پنجاب میں ترقیاتی عمل اور عوام کی خدمت کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔

نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا مہنگائی کی رفتار میں کمی معاشی بہتری کا اشارہ ہے ۔سٹاک ایکسچینج کی بلندی کاروباری اور سرمایہ کار برادری کے اعتماد کی جھلک ہے ۔ترقی کی طرف سفر کی رفتار کا بڑھنا خوشگوار تبدیلی کی علامت ہے۔پاکستان کو جس پستی کی طرف دھکیل دیاگیا تھا اس میں ٹھہراؤ آنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف وفاق میں بڑی محنت سے کام کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ کا فضل ہورہا ہے ۔ مریم وزیراعلی ٰسے بڑھ کر پنجاب میں ایک ماں اور بیٹی کے جذبے سے کام کررہی ہے ،اللہ تعالیٰ بھی اُن کا ہاتھ پکڑتا ہے جو نیک نیتی اور محنت سے اُس کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں ۔ارکان اسمبلی نے ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا مریم نواز ایک سال میں ہر طبقے کی بحالی کے پروگرام لائی ہیں، لوگ دعائیں دے رہے ہیں۔ مریم نواز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا قائد نوازشریف کی بیٹی ہونے اور وزیراعظم شہبازشریف کی مثالی عوامی خدمت کے حوالے سے زیادہ ذمہ داری محسوس کرتی ہوں ۔ آپ سب کی رہنمائی اور اعتماد ہی ہماری قوت اور کامیابی کی کلید ہے ،عوامی خدمت کے معیار اور رفتار کے ذریعے مسلم لیگ (ن)کی ماضی کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔ملاقات میں قومی اور صوبائی سطح پرمعاشی ترقی، عوامی فلاح کے منصوبوں اور دیگر شعبوں میں مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت بھی ہوئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے یومِ یکجہتی کشمیر پر پیغام میں کہا ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے ،سلام ان کشمیری بہن بھائیوں کو جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں ،کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پرجاری رکھے گا۔ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے ۔ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے ۔ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور لبرٹی چوک میں محکمہ اطلاعات وثقافت کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب ہوئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے لبرٹی چوک میں شمع آزادی روشن کی۔ انہوں نے شہدا کشمیر کی یادگار پر پھول رکھ کر نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔ تقریب میں علامتی خاموشی اختیار کی گئی۔ مریم نواز نے شہدا کشمیر کے لئے دعا مغفرت کی۔لبرٹی چوک کی تقریب میں کشمیر کی مناسبت سے پکچر وال کی نما ئش اور بل بورڈ بھی نصب کئے گئے ۔کشمیری رہنماؤں اور شہدا کی تصاویر کو سلا خیں لگا کر علامتی جیل بنائی گئی ۔ لبرٹی چوک کے اطراف میں بھارتی مظالم اور بربریت کے مناظر پر مبنی پینا فلیکس آویزاں کی گئیں ۔ آئی ایس پی آر کا تیار نغمہ بھی پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پرنس کریم آغا خان کے انتقال پردکھ اور افسوس کااظہار کیاہے ۔ مریم نواز نے سوگوار خاندان اور دیگر متعلقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیاہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں