کھلے سمندر میں اموات نہ رک سکیں، پاکستانیوں سمیت65 تارکین وطن کو لے جانیوالی کشتی لیبیا کے قریب الٹ گئی : 10لاشیں برآمد

اسلام آباد ،طرابلس (سٹاف رپورٹر ،اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)اچھے مستقبل کی آ س لئے بیرون ملک جانے والے غیرقانونی تارکین وطن کی کھلے سمندر میں اموات نہ رک سکیں ،پاکستانیوں سمیت 65 غیرقانونی تارکین وطن کو لے جانے والی ایک اور کشتی لیبیا کے ساحل کے قریب سمندر میں ڈوب گئی ،10لاشیں نکال برآمد کرلی گئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے لیبیا میں ایک اور کشتی حادثے کی تصدیق کرتے بتایا لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی شہریوں سمیت دیگر غیرقانونی تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوئی۔لیبیا میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق 65 مسافروں کو لے جانے والی کشتی مرسا ڈیلا کی بندرگاہ کے قریب الٹی۔ طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم زاویہ ہسپتال روانہ کر دی گئی ہے جہاں تارکین وطن کی لاشیں موجود ہیں ، پاکستانی ٹیم لاشیں شناخت کرنے میں مقامی حکام کی معاونت کرے گی۔ اس حوالے سے کرائسز مینجمنٹ یونٹ متحرک کر دیا گیا ہے اور کشتی حادثے میں متاثرہ پاکستانیوں کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔عالمی خبررساں ادارے کے مطابق مرسا ڈیلا بندرگاہ سے تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے بعد 10 لاشیں نکالی گئیں۔لیبیا ہلال احمر کے مطابق زاویہ شہر میں مرسا ڈیلا بندرگاہ سے تارکین وطن کی لاشیں جمعرات کو نکالی گئیں،لاشوں کوقانونی کارروائی کیلئے مقامی حکام کے سپرد کر دیا گیا ۔لیبیاکے میڈیا کے مطابق ہلال احمر نے کشتی ڈوبنے کی وجہ اور مسافروں کی شناخت نہیں بتائی۔
وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ یونٹ سے معلومات حاصل کرنے کیلئے فون نمبر 00218913870577 اوروٹس ایپ نمبرز 03052185882اور00218916425435 پررابطہ کیا جاسکتاہے ، اسکے علاوہ کرائسز مینجمنٹ یونٹ وزارت خارجہ اسلام آباد میں فون نمبر9207887051 اور ای میل cmu1@mofa.gov.pk پررابطہ کیا جا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ رواں برس 16 جنوری کو مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر سپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔اس سے قبل 16 دسمبر 2024 کو یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے سے متعدد تارکین وطن سمیت 40 پاکستانیوں کی ہلاکت ہو ئی تھی۔گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لیبیا کشتی حادثے کے حوالے سے طرابلس میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کرلیا ۔انہوں نے پاکستانیوں کی ہلاکتوں پر دکھ کااظہار کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ حادثہ کے شہدا کی میتوں کی وصولی میں کردار اور لواحقین کی ہرممکن داد رسی کی جائے۔