غلام ذہنیت نے آئی ایم ایف کو اداروں تک رسائی دی:حافظ نعیم

غلام ذہنیت نے آئی ایم ایف کو اداروں تک رسائی دی:حافظ نعیم

لاہور (سیاسی نمائندہ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ غلام ذہنیت حکومت نے آئی ایم ایف کو عدالتوں اور اداروں تک بھی رسائی دیدی جوافسوسناک ہے۔

 آئی ایم ایف وفد کی چیف جسٹس سے ملاقات قومی وقار و آزادی کے منافی ہے ، چچا بھتیجی اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے مہنگائی کم کر رہے ہیں، چینی بڑھ کر 160 روپے کلوہو گئی، زمینی حقائق قطعی مختلف ہیں، رمضان سے قبل اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جاری، پٹرول، بجلی،گیس کے نرخ بھی بڑھ رہے ہیں،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، آئی ایم ایف کے حکم پر گندم کی امدادی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیاجس سے گندم کا بحران آئے گا۔ ایف بی آر میں کرپشن کا بازار سرگرم ہے ، اگربجلی بلوں میں ٹیکس لیا جاتا ہے تو ایف بی آر ختم کر دیں۔ سول و ملٹری بیوروکریسی کی ریٹائرمنٹ پر10سال تک ملک چھوڑنے اور دہری شہریت لینے پر پابندی لگائی جائے ، حکومت بجلی،گیس نرخ کم کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہاترک صدر طیب اردوان کو خوش آمدید کہتے ہیں، امید ہے دونوں ممالک غزہ میں امن کیلئے جاندار کردار ادا کرینگے ، غزہ پر اسلامی اور فلسطین کے حامی ممالک کی سربراہی کانفرنس بلائی جائے ۔ انہو ں نے کہا کراچی کو ایم کیو ایم اور پی پی نے تباہ کردیا،کراچی پر کرپٹ، نااہل اور قبضہ مافیا مسلط ہے ، فارم 47 سے قومی و صوبائی اسمبلی سیٹوں اور اس سے قبل میئر کی سیٹ پر قبضہ کرایا گیا،مرضی کی عدلیہ، پارلیمنٹ سے مسائل حل نہیں ہونگے ، کے پی اور بلوچستان بدامنی کی آگ میں جل رہے ہیں،لاپتا افراد کا مسئلہ حل نہیں ہورہا، ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے تو آئین و قانون کی بالاستی قائم کرنا ہوگی۔ حکمرانوں نے مفاد کی خاطر عدلیہ کو درہم برہم کردیا، جب اعلیٰ عدالتوں کے ججز ہی تقسیم ہوجائینگے تو عوام کو کیا انصاف ملے گا؟۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں