بانی پی ٹی آئی اب چیف کی طرف سے خط خود ہی پڑھ کر خوش ہوں :عرفان صدیقی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما وسینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کے نام خط کہاں اور کون لکھ رہا ہے ؟وہ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں خط کس مشین میں ڈھلتے ہیں ، 350 صفحے کا خط چیف جسٹس کے نام کیسے لکھ دیا ؟خط کہاں لکھے جارہے ہیں کوئی نہیں جانتا اور بانی اس پر مہر لگادیتے ہیں کہ یہ میرا خط ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیرنے عمران خان کی جانب سے کھلے خط کا جواب دے دیا ہے کہ انہیں خط پڑھنے کا شوق نہیں، آرمی چیف نے وزیر اعظم ہائو س میں ظہرانے میں کہا مجھے کوئی خط نہیں ملا ،نہ پہلا خط ملا نہ دوسرا نہ ہی تیسرا ،پھر سوال ہوا خط ملا تو کیا کرینگے ،آرمی چیف نے جواب دیا مجھے خط پڑھنے کا شوق نہیں،اگر خط ملا تو وزیر اعظم کو بھیج دونگا ،وزیر اعظم جو مناسب کارروائی سمجھیں گے کرینگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی کو کسی خط کا جواب نہیں ملا جو کبوتر بنی گالا سے اڑاتے ہیں وہ اس چھت پر اترتا نہیں جہاں وہ اتارنا چاہتے ہیں،بانی پی ٹی آئی اب چیف کی طرف سے جواب بھی خود لکھیں پھر پڑھ کر خوش ہو لیں ۔