سیہون حادثہ ،وزیر اطلاعات پنجاب حقا ئق سے لاعلم :شرجیل

سیہون حادثہ ،وزیر اطلاعات پنجاب حقا ئق سے لاعلم :شرجیل

کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ سیہون حادثے پر پنجاب کی وزیر اطلاعات نے سیاست کی کوشش کی، ان کے بیان سے لگتا ہے کہ ان کو چیزوں کا علم ہی نہیں تھا، ہوم ورک کے بغیر بیانات دئیے۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیہون والا روڈ ، سکھر حیدرآباد روڈ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ہے ، سیہون کے روڈ پر روزانہ انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے ، صوبائی حکومت نے 7 ارب روپے دئیے لیکن ابھی تک روڈ نہیں بنا، وفاق میں سب سے زیادہ حکومت مسلم لیگ ن کی رہی ہے ، اگر روڈز مکمل نہیں ہوئے تو یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے ۔ پیپلز پارٹی کا سندھ میں حقیقی مینڈیٹ ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بلیک میلنگ کی سیاست نہیں کی، ن لیگ کا ساتھ شوق میں نہیں دیا، ہم اسمبلیاں بنانا چاہتے تھے ، جمہوریت کے لئے حکومت سازی میں ہم نے ن لیگ کی غیر مشروط حمایت کی، آج بھی ہم بلیک میل نہیں کر رہے ، صوبے کا جائز حق مانگتے ہیں، پاکستان کا گیٹ وے کراچی ہے ، پورے پاکستان کا کاروبار یہاں سے ہوتا ہے ، مین گیٹ وے حیدرآباد سکھر روڈ ہے ، باقی منصوبوں کیلئے پیسے رکھ سکتے ہیں تو اس کے لئے کیوں نہیں رکھ سکتے ۔ سیہون روڈ کے لئے ہم نے پیسے دیئے ہیں، آپ اتنے نااہل ہیں کہ روڈ نہیں بنا سکتے یہ ہمارے جائز خدشات ہیں، ہم کوئی پوائنٹ سکورنگ یا سیاست نہیں کر رہے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات جب شعلہ بیانی کرتی ہیں تو یہ سمجھ لیں کہ جواب بھی آئے گا، ہم جھوٹی باتیں نہیں کریں گے بلکہ صرف آپ کو سچ بتائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں