چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے آج اپوزیشن رہنما ملیں گے

 چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے آج اپوزیشن رہنما ملیں گے

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ بار کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے ، جس میں عدالتی اصلاحات و دیگر امور پر بات چیت کی گئی، اپوزیشن رہنما عمر ایوب وفد کے ہمراہ آج ملیں گے ۔

اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحیی آفریدی سے سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں عدالتی اصلاحات اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی،صدرسپریم کورٹ بارنے کہا کہ چیف جسٹس سے ملاقات ان کی وزیراعظم سے ملاقات کے تناظر میں کی گئی، چیف جسٹس انصاف فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کر رہے ہیں۔رؤف عطا نے کہا کہ سپریم کورٹ بار نے اصلاحات کے عمل میں چیف جسٹس کو مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ، چیف جسٹس نے وزیراعظم کی طرح اپوزیشن سے فراہمی انصاف کے حوالے سے تجاویز طلب کی ہیں، انصاف کی فراہمی میں تعاون کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن رہنماؤں سے چیف جسٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان آج اپوزیشن کے وفد سے بھی ملاقات کریں گے ، عدالتوں میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے ، ملاقاتوں سے سیاسی استحکام اورعدلیہ پرعوامی اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس سے قائدحزب اختلاف عمرایوب خان کی سربراہی میں سات رکنی وفدآج جمعہ کو ملاقات کرے گا’چیف جسٹس پاکستان انہیں عدالت کے اب تک کے امورسمیت تمام معاملات سے آگاہ کریں گے عام لوگوں تک انصاف کی فراہمی اور دیگرحوالوں سے تجاویزبھی حاصل کریں گے ، ایجنڈے کے تحت چیف جسٹس پاکستان نے پہلے وزیراعظم شہبازشریف سے ججزکالونی میں اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں