چیف الیکشن کمشنر تقرر:سپیکر کا پارلیمانی کمیٹی کے فوری قیام سے انکار
اسلام آباد (آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے چیف الیکشن کمشنر اور دو اراکین کی تقرری کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کے فوری قیام سے انکار کر دیا اور اس حوالے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا لکھا گیا خط سپیکر نے قانونی اور آئینی رائے کے لئے وزارت پارلیمانی امور کو بھجوا دیا۔
قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق عمر ایوب نے سپیکر کو پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے خط لکھا تھا،وزارت پارلیمانی امور کی رائے آنے کے بعد سپیکر کمیٹی کے قیام کا حتمی فیصلہ کریں گے ، ذرائع کے مطابق آئین کے آرٹیکل 213 ٹو اے کے تحت وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں مشاورت ہی شروع نہیں ہوئی،دونوں کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے مشاورت لازمی تقاضاہے ،قومی اسمبلی کے شعبہ قانون سازی نے رائے دی ہے کہ مشاورت کا عمل مکمل ہوئے بغیر پارلیمانی کمیٹی تشکیل نہیں دی جا سکتی،وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں پارلیمانی کمیٹی کی جانب بڑھا جا سکتا ہے ، چیف الیکشن کمشنر اور دو ممبران کی پانچ سالہ مدت 26 جنوری کو مکمل ہو چکی ہے ۔