قومی سلامتی کمیٹی سے دہشتگردی ختم ہو جائیگی ؟ تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ حکومت نے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلا لیا ہے اس میں کیا ہوگا اس کا مجھے نہیں پتا،کمیٹی اجلاس کی ضرورت کیا ہے ،اس سے دہشت گردی کیا ختم ہوجائے گی۔
دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت کمیٹی کمیٹی کیوں کھیل رہی ہے یہ بات بھی جاننا ہو گی کہ تشدد کے جواب میں تشدد کے استعمال سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج اور سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں ،اس حوالے سے فوج اپنا کام کرتی نظر آرہی ہے ،مولانا فضل الرحمن نے درست بات کی ہے ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم کو فوج کا ساتھ دینا ہو گا۔ تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پہلے بھی میٹنگز ہو چکی ہیں،اہم بات یہ ہے کہ اس کے روٹ کاز کو سمجھنے کی ضرورت ہے ، اخترمینگل نے ایک کھلا خط لکھا ہے ، اگر کوئی میٹنگ بلائی جاتی ہے تو بلو چستان کی اہم شخصیات کو بھی بلانا چاہئے ،پھرمسائل حل ہوں گے ۔ بلو چستان کی قیادت اب نوجوانوں کے پاس چلی گئی ہے ان سے بات کرنا ہو گی۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ کے پی اوربلو چستان کے حالات بہت خراب ہو چکے ہیں،اگر کوئی سیاسی رہنما اس کو حل کرسکتا ہے تو اس کو سامنے آنا چاہئے ،سب سے زیادہ ذمہ داری اسٹیبلشمنٹ کی ہے ۔