عدالتوں میں انصاف کی پامالی ، میڈیا آزاد ہے نہ سیاست: عباسی

کراچی(آئی این پی)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی عدالتوں میں انصاف کی پامالی ہوتی، نہ تو میڈیا اور نہ ہی سیاست آزاد ہے ،قانون رات کے اندھیرے میں بنتے ہیں۔۔۔
عوام کو دبانے کے لیے قانون بنائیں گے تو پاکستان آگے نہیں چلے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں اپنی نئی سیاسی جماعت عوام پاکستان پارٹی کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی سفر میں عوام ہمارے ساتھ ہوں گے ، آج جو اقتدار میں ہیں ان کی کوئی عزت نہیں ہے ۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ جو آج اقتدار میں ہیں ان سے امید رکھنا بے معنی ہے ، نوجوان کو موقع نہیں ملے گا تو وہ بیرون ملک جائے گا یا پہاڑوں پر بندوق اٹھائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ قانون رات کے اندھیرے میں بنتے ہیں، ملک کے عوام کو دبانے کے لیے قانون بنائیں گے تو پاکستان آگے نہیں چلے گا، کسی صوبے میں چلے جائیں انصاف نظر نہیں آتا، عدالتوں میں انصاف کی پامالی ہوتی ہے ، نہ میڈیا آزاد ہے ، نہ سیاست اور نہ ہی عدالت آزاد ہے ۔