اعلیٰ عدلیہ کا احتساب، فوری انصاف کی فراہمی : چیف جسٹس نے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی

اعلیٰ عدلیہ کا احتساب، فوری انصاف کی فراہمی : چیف جسٹس نے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ میں خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کر دی گئی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا رشوت اور سفارش بالکل برداشت نہیں،سرکاری یا کوئی شخص رشوت طلب کرے تو فوراً اطلاع دیں۔۔۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کرنے کا مقصد عدلیہ کے احتساب اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کی توثیق ہے۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی بدعنوانی سے پاک ماحول کو فروغ دینے اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کیلئے پر عزم ہیں۔تقریباً پانچ ماہ میں 7633 نئے مقدمات دائر ہوئے ، 11779 مقدمات پر فیصلے ہوئے ، نئے ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی سے مقدمات کے فیصلوں میں مزید تیزی آئے گی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ بطور چیف جسٹس پاکستان یقین دلاتا ہوں سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا مقدمہ کا فیصلہ بہت جلد میرٹ پر ہوگا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص کیس فکس کرنے ، نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فوراً اطلاع دیں۔

میں چیف جسٹس پاکستان رشوت اور سفارش کے متعلق عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، بطور چیف جسٹس پاکستان آپ کو یقین دلاتا ہوں رشوت طلب کرنے والے کی اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا، رشوت کی شکایت کی فوراً شنوائی ہوگی۔مزید کہا گیا کہ واٹس ایپ نمبر 03264442444 پر رشوت مانگے جانے کی شکایت درج کرائیں، سپریم کورٹ کی اینٹی کرپشن کا اہلکار آپ کے ساتھ رابطے میں رہے گا اور آپکو گاہے بہ گاہے شکایت کے متعلق معلومات فراہم کرے گا، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن رشوت، جانبداری یا کسی قسم کی بدعنوانی کی اطلاع دینے کیلئے ایک محفوظ اور خفیہ پلیٹ فارم ہے ۔اعلامیے کے مطابق ہاٹ لائن پر سپریم کورٹ میں رشوت کی شکایت دینے والے کیلئے محفوظ پلیٹ فارم ہے جس میں انتقامی کارروائی کا کوئی ڈر نہیں، اطلاع دینے والے کی شناخت کو محفوظ رکھا جائے گا اور بے نام رہنے کے اختیار کو مکمل تسلیم کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں