2 سال میں بجلی صارفین سے 18 ارب 86 کروڑ ٹی وی فیس وصول : ڈنکی لگوانے میں ملوث 204 افراد گرفتار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)بجلی صارفین سے دو سال کے دوران ٹیلی ویژن فیس کی مد میں 18 ارب 86 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
ایف آئی اے نے 2023 سے 2025 تک ڈنکی لگوانے میں ملوث 204 افرادکو گرفتار کیا۔اس آپریشن کے نتیجے میں 4 کروڑ 80 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی گئی، 602 ملین سے زائد مالیت کے اثاثے اور115 ملین سے زائد مالیت کے اکاؤنٹس کو منجمد کیا گیا۔قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تحریری جواب میں بتایا کہ پیپکو نے ٹی وی فیس کی مد میں 16 ارب 64 کروڑ روپے اورکے الیکٹرک نے 2 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریری جواب میں بتایا کہ کراچی تا دبئی روٹ کے لئے 2018 سے 2024 تک پی آئی اے نے کرایے میں 2 لاکھ 88 ہزار 876 روپے اضافہ کیا۔ اسلام آباد تا جدہ روٹ کے لئے پی آئی اے نے 6 سالوں میں 6 لاکھ 8 ہزار 720 روپے اضافہ کیا۔لاہور تا کوالالمپور 6 سالوں میں 7 لاکھ 13 ہزار 729 روپے کرایے کی مد میں اضافہ کیا گیا،اسلام آباد تا ٹورنٹو کرایے کی مد میں گزشتہ 6 سالوں میں سب سے زیادہ 16 لاکھ 82 ہزار 45 روپے اضافہ کیا گیا۔ وزیر مملکت طلال چودھری نے بتایا کہ 2019-20 میں ریڈ زون کی حفاظت کے لئے 15 کروڑ روپے خرچ ہوئے ۔ رواں سال ریڈ زون سکیورٹی کے لئے 10 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ ملی ہے ۔2022-23 میں ریڈ زون کی سکیورٹی پر 72 کروڑ 40 لاکھ خرچ ہوئے ۔ ایوان کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے کشتی حادثات سے متعلق 531 گرفتاریاں کیں ۔2 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی ۔ان گرفتاریوں کے نتیجے میں 818 ملین سے زائد کی جائیدادیں جبکہ 190 ملین سے زائد مالیت کے اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ، 2023 کے یونان کشتی حادثے میں 262 افراد جاں بحق ہوئے ، 2024 میں یونان کشتی حادثے میں پانچ جانوں کا ضیاع ہوا۔مراکش کشتی سانحہ میں 10 اورلیبیا کشتی حادثے میں 16 پاکستانی جان کی بازی ہار گئے ۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری دفاع زیب جعفر نے کہا کہ ڈاؤن سائزنگ کے بعد پی آئی اے میں 7 ہزار ملازمین رہ گئے ۔