خواتین کو وراثت سے محروم کرنا غیر اسلامی، فوجداری کارروائی کریں : وفاقی شرعی عدالت

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی شرعی عدالت نے روایات اور رسم و رواج کی بنیاد پر خواتین کو وراثت سے محروم کرنا غیراسلامی قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق شریعت کورٹ نے خواتین کو وراثت سے محروم کرنے والوں کیخلاف فوجداری کارروائی کی ہدایت کردی۔عدالت کو بتایا گیا کہ بنوں میں چادر اور پرچی نامی روایات پر عمل ہوتا ہے ، خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق ایسے رسم و رواج نہ رائج ہیں نہ انکی کوئی اہمیت ہے ۔اس میں کہا گیا کہ چادر اور پرچی کے نام پر خواتین کو وراثت سے محروم کیا جاتا ہے ، اسلام سے قبل زمانہ جہالت میں خواتین کو وراثت سے محروم رکھا جاتا تھا۔چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ اقبال حمید الرحمن کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے فیصلہ جاری کیا، وفاقی شرعی عدالت نے فوزیہ جلال شاہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔