لاہور میں 3قتل:سندر میں سالی کو شادی سے ایک دن پہلے مارڈالا

لاہور میں 3قتل:سندر میں سالی کو شادی سے ایک دن پہلے مارڈالا

لاہور(کرائم رپورٹر)مستی گیٹ ، لوہاری گیٹ اور سندر میں لڑکی سمیت 3افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تھانہ سندر میں دلہن بننے سے ایک دن قبل ہی بہنوئی نے سالی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کی شناخت عائشہ کے نام سے ہوئی ہے ، لڑکی کی آج بارات تھی۔

 ملزم نے صبح 4 بجے کے قریب کمرے میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں گولیوں کی زد میں آکر دلہن جاں بحق ہو گئی جبکہ ملزم نے  خود  15 پر کال کر کے پولیس کو اطلاع دی تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی وہ فرار ہو گیا۔پولیس نے دلہن کے دوسرے بہنوئی کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔مستی گیٹ میں قاتل جمشید نے شراب پی رکھی تھی جس کی محلے دار نوید کے ساتھ معمولی تلخ کلامی ہوئی جس نے پستول سے مقتول نوید پر فائرنگ کر دی جس کو شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی ندیم کی مدعیت میں درج کر لیا اور ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ ایس ایچ او مستی گیٹ نجم عباسی کے مطابق ملزم کے موبائل فون کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ۔لوہاری گیٹ کے علاقے میں بیٹے نے معمولی تلخ کلامی پر باپ کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق سوتر منڈی کے رہائشی حارث علی نے اپنے باپ کو معمولی تلخ کلامی پر جھگڑے کے دوران دھکا دیا جوزمین پر گرنے سے چوٹ آنے پر زخمی ہوا،جسکو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔مقتول شہزاد عرف چھادے کی لاش مردہ خانے منتقل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔لوہاری گیٹ پولیس نے ملزم حارث کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں