مانگا منڈی :پولیس مقابلے میں 1ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار
لاہور(کرائم رپورٹر)مانگا منڈی کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس نے ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کاساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ۔ترجمان کے مطابق پولیس کو 15 کال موصول ہوئی کہ مانگا منڈی کے علاقے سے 3ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے ، اس دوران متعلقہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کر دی ،اس دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے ، زخمی ڈاکو کی شناخت ظہیر عباس کے نام سے ہوئی ، جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او مانگامنڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو ریکارڈ یافتہ ہیں ، کوٹ رادھاکشن ،مانگا منڈی ،سندر، رائے ونڈ پولیس کو مطلوب تھا ،اس کے قبضے سے پستول و گولیاں اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ۔