سپریم کورٹ : 9مئی کے مزید اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ : 9مئی کے مزید اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر، دنیا نیوز)سپریم کورٹ نے 9 مئی کے مزید اہم مقدمات سماعت کیلئے مقرر کر دیئے ۔بانی پی ٹی آئی کاجسمانی ریمانڈ نہ ینے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں بھی سماعت کے لیے مقرر ہو گئیں۔

عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری بحال کرنے کیخلاف اپیلیں ، جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید کی بریت کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ہو گئی۔عدالت نے صنم جاوید کی ضمانت منسوخی کی اپیل بھی مقرر کر دی، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج سماعت کرے گا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے تمام کیسز پر ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کا ایک ہی مرتبہ آرڈر جاری کریں گے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 9 مئی مقدمات میں نامزد ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے اپیلوں پر سماعت کی۔عدالت نے سینیٹر اعجاز چودھری کی درخواست ضمانت پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔سپریم کورٹ نے حافظ فرحت عباس کو جمعرات تک گرفتار کرنے سے روک دیا اور ان کی عبوری ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔ ملزم فہیم قیصر کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ 4 ماہ میں ٹرائل مکمل کرنے کے حکمنامے سے کارکنان کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، کوئی چھلیاں بیچنے والا ہے تو کوئی جوتے پالش کرنے والا، بابر اعوان نے کہا ہم سے تعاون کرنے کی بات کی جا رہی ہے اور کیا سر کاٹ کر دے دیں؟۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی کی چھ اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی ۔ بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے طلب کر رکھا تھا جیل حکام کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پیش نہیں کیا جا سکتا جبکہ انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ سے ویڈیو لنک پر بھی حاضری نہیں لگوائی جا سکتی ۔عدالت کو بتایا گیا کہ جیل حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی خرابی کے باعث بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا جاسکتا۔عدالت نے سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی ۔ عدالت نے متفرق درخواست پر بھی نوٹس جاری کردیا ۔سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے بیٹوں سے ہفتہ وار ٹیلی فونک رابطہ کرانے اور طبی معائنہ کرانے سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی دونوں متفرق درخواستیں منظور کرتے ہوئے 28 اپریل کو عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چودھری عامر ضیاء کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو حکم دیاہے کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہی شامل تفتیش کرلیاجائے ۔وکلاء صفائی کی جانب سے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی،عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں