ڈی چوک احتجاج 11گواہوں کے بیانات ریکارڈ

 ڈی چوک احتجاج  11گواہوں کے بیانات ریکارڈ

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگارسے ، کورٹ رپورٹر )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں زیر سماعت پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف 26 نومبر احتجاج امن و امان کے تحت درج مقدمات میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

گزشتہ روزجوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے تھانہ ترنول کے مقدمات کی سماعت کے دوران استغاثہ کے 11 گواہان کے بیانات عدالت میں ریکارڈ کیے ۔ تھانہ ترنول کے مقدمہ میں استغاثہ کا 1 گواہ باقی رہ گیا،مقدمہ کے  چشم دید گواہ، شناخت پریڈ کے گواہ اور تفتیشی افسر کا بیان ریکارڈ ہوچکا ہے ،عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی، ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدم دستیابی کے باعث تھانہ رمنا کے 2 مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کل 18 اپریل تک کیلئے ملتوی کردی گئی،آئندہ سماعت پر استغاثہ کیجانب سے مزید گواہان کے بیانات ریکارڈ کروائے جائیں گے ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے دوران درج مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما شہر یار آفریدی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی،دوران سماعت شہر یار آفریدی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخوست دائرکی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیااور عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 5 مئی تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے نو مئی کے پانچ مقدمات میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں میں 16 مئی تک توسیع کردی۔ عدالت نے فواد کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں فواد چودھری کی 9 مئی کے 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے فواد کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 16 مئی تک توسیع کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں