ہنگری کا400پاکستانی طلبہ کیلئے سکالر شپ کا اعلان ،سفارتی پاسپورٹ پر ویزااستثنیٰ

ہنگری کا400پاکستانی طلبہ کیلئے سکالر شپ کا اعلان ،سفارتی پاسپورٹ پر ویزااستثنیٰ

اسلام آباد (وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )ہنگری کی جانب سے پاکستان کے 400 طلبہ کو فل سکالر شپ دینے کا اعلان کردیا گیا۔

 دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ پرویزااستثنیٰ سمیت کئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جبکہ پاکستان  اور ہنگری نے سفارت کاری، ثقافت اور ثقافتی ورثے سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق اور امن وکثیرالجہتی کے لئے باہمی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ۔ دفتر خارجہ میں گزشتہ روز دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہنگری پاکستان کے لئے ایک مثبت اور فائدہ مند دوست ملک رہا ہے ، اب پاکستان اور ہنگری کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں، معاہدوں میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور صنعت کو مزید تقویت دینا شامل ہے ۔

دونوں ممالک نے غزہ کی صورتحال پر بھی بات چیت کی ۔ ہنگری کے وزیر برائے خارجہ پیٹر سیجارٹو نے کہا کہ پاکستان کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائینگے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ ہنگری کی جانب سے 400 پاکستانی طلبا کو فل سکالر شپ دی جائے گی ۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیجارٹو نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا سے استثنیٰ کے معاہدے اور ثقافت اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمت کی دو یادداشتوں پر دستخط کئے ۔ قبل ازیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ آمد پر ہنگری کے وزیر خارجہ و تجارت پیٹر سیجارتو کا پرتپاک استقبال کیا۔ دریں اثنا اسلام آباد میں تیسری اقوام متحدہ امن مشن وزارتی کانفرنس سے خطاب میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غلط معلومات کا پھیلاؤ عالمی امن کیلئے بڑا خطرہ ہے ، پائیدار عالمی امن کے لئے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے ۔اجلاس میں 157 ممالک پر مشتمل اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی برائے امن کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں