پنجاب اسمبلی:ہیلتھ الائنس کے حق میں پی ٹی آئی ،پی پی کا احتجاج

پنجاب اسمبلی:ہیلتھ الائنس کے حق میں پی ٹی آئی ،پی پی کا احتجاج

لاہور(سیاسی نمائندہ ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے ارکان نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مظاہرین سے روا رکھے جانے والے سلوک پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔اجلاس ایک گھنٹہ 42منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ کی صدارت میں شروع ہوا۔

اپوزیشن ارکان ہاتھوں میں بانی پی ٹی آئی کی تصاویر اٹھائے اورنعرے بازی کرتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے ۔اجلاس کے آغاز میں گرینڈ ہیلتھ الائنس احتجاج کے بارے میں بات ہوئی، حکومتی رکن امجد علی جاوید نے کہا حکومت یا جن کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس والے شکوہ کناں ہیں ان کی بات سنیں،گرینڈ ہیلتھ الائنس کو باہر بیٹھے دس دن ہو گئے ہیں متعلقہ وزیر ایوان میں آکر بتاتے ۔ پی پی رہنما ممتاز چانگ نے کہا جیسی بھی ہے جمہوری حکومت ہے پولیس نے ٹینٹ اکھاڑ دیے خواتین اگر اپنے حقوق کیلئے بیٹھی ہیں تو بیٹھنے دیاجائے ۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پنجاب اسمبلی میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے معاملات حل کرنے یقین دہانی کروائی اور کہا کہ محکمہ صحت اور حکومت کی سطح پر بھی کمیٹی بنی ہوئی ہے ان کا حل نکل آئے گا۔

اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچرگزشتہ روز اڈیالہ جیل کے پاس کے ہونے والی گرفتاریوں پر برہم ہوئے اور کہا کل کا بدترین واقعہ نظام انصاف کے منہ پر طمانچہ ہے ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع بھی آگ بگولا ہوئے اور کہا کہ مریم نواز پر جھوٹے کیسز بنائے گئے والد کو جیل میں ملنے گئیں تو ان کے سامنے تذلیل کرکے گرفتار کیاگیا،یہ لوگ نو مئی والے ہیں نو مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ،ہم اٹھائیس مئی والے ہیں جنہوں نے ملک کو ناقابل تسخیر کیا،ہمارے جتنے لیڈرر جیل میں گئے رویا کوئی نہیں۔اجلاس میں دی پنجاب ورکرز ویلفئیر فنڈ (ترمیم) بل 2025،دی کمپنیز پرافٹس (ورکر پارٹیسپیشن)(ترمیم)بل 2025 پیش کئے گئے ، وزیر خزانہ نے پری بجٹ بحث کا آغاز کیا، محکمہ صنعت و تجارت نے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا،ایجنڈا مکمل ہونے پر پینل آف چیئرپرسن سمیع اللہ خان نے پنجاب اسمبلی کااجلاس 21اپریل سوموار دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں