موٹرسائیکل رکشہ بنانے والی فیکٹریاں سیل کرنے کی وارننگ
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کہاموٹر سائیکل رکشوں کو روکنا ضروری ہے ورنہ پورے شہر میں پھیل جائیں گے ، موٹر سائیکل رکشے بنانے والی کمپنیوں کو بند کر دینا چاہیے ،غیرقانونی چنگ چی رکشے لوگوں کی اموات کا باعث بن رہے ہیں ۔
عدالت نے چنگ چی رکشہ مینوفیکچررز کو ٹرانسپورٹ قوانین پر عمل درآمد کے لیے تین ماہ کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر مقررہ مدت میں قوانین پر عمل نہ ہوا تو فیکٹریاں سیل کر دی جائیں گی،انسداد سموگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ مال روڈ پر بیٹھے مظاہرین کا کیا مسئلہ ہے ؟ عدالت نے وکیل پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ مظاہرین کے باعث ٹریفک مسائل بڑھ گئے ہیں ان کا معاملہ دیکھیں اور کسی اور جگہ بٹھائیں، احتجاج اور مذاکرات کا مطلب یہ نہیں کہ پورے شہر کو بند کر دیا جائے ،عدالت نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے بھی ٹریفک بند کردی گئی، دنیا کو سکیورٹی مسائل کا تاثر نہ دیں، دس سال سے یہی ہو رہا ہے سکیورٹی بہتر نہیں ہوئی۔