بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی

 بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ ملی

راولپنڈی ، لاہور ، اسلام آباد (خبر نگار ، کورٹ رپورٹر ، اپنے نامہ نگار سے )اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے چار وکلا کی ملاقات ہو ئی ۔ فیملی سے ملاقات نہیں کرائی گئی بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے لئے اہم ہدایات جاری کر دیں ۔

منگل کو بانی پی ٹی آئی سے فیصل  چودھری، عثمان گل، افضل بانٹھ اور فیصل ملک ایڈووکیٹ نے ملاقات کی جبکہ بانی کی بہنوں نورین خان، عظمٰی خان اور کزن قاسم خان کو ملاقات کی اجازت نہ ملی ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نورین نیازی نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے دو گھنٹے داخلی دروازے پر انتظار کروایا ۔ ہم دو بہنیں علیمہ خان کے بغیر بھی اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے رضامند ہوگئی تھیں ۔دوسری جانب جیل انتظامیہ نے فیصل چودھری، عثمان گل، فیصل ملک کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جو آدھا گھنٹہ تک جیل کانفرنس روم میں کرائی گئی۔ ۔علیمہ خان نے پولیس حصار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ جائیں گے ۔ایڈووکیٹ فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، مائنز اینڈ منرلز پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سینئر لیڈر شپ آکر مجھے بریف کرے ۔ بل متنازع ہوچکا، ضروری ہے لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے ۔ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ملک اور عوام کو ہے ۔

فوج ملک کو متحد نہیں کر سکتی لیکن سیاسی جماعتیں کر سکتی ہیں ۔پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ کسی سے بیک ڈور بات نہیں ہو رہی، انفرادی سطح پر کہیں کوئی بات ہے تو اس کا علم نہیں۔اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کے بیانات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔بانی پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو شیر افضل مروت کے الزامات کا دو ٹوک جواب دینے کی ہدایت کردی۔لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی کاز لسٹ مسوخ کردی گئی۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے 23 اپریل کو بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرنا تھی۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل سے پالیسی طلب کر لی گئی ، قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس انعام امین منہاس نے حکم جاری کیا، بانی پی ٹی آئی سے عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات نہ کرانے پر وفاقی وصوبائی سیکرٹری داخلہ اور سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کے خلاف ایک اورتوہین عدالت درخواست دائرکردی گئی، سربراہ سنی تحریک صاحبزادہ حامد رضا نے وکیل خالد یوسف چودھری کے ذریعے دائر توہین عدالت درخواست میں موقف اختیار کیاہے ملاقات نہ کرانا عدالت کے احکامات کی توہین کے مترادف ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں