بلوچستان : پولیو ٹیم پر حملہ، 2 لیویز اہلکار شہید
کوئٹہ،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انسداد پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور 2لیویز اہلکار دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر مستونگ اکرم حریفال نے بتایا کہ افسوسناک واقعہ مستونگ کے علاقے کلی تیری میں پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں نیک محمد نامی لیویز اہلکار موقع پر شہید ہوا، جبکہ مقصود احمد نامی لیویز اہلکار کو زخمی حالت میں نواب غوث بخش میموریل ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا، تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہیدہو گیا۔ نواب غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ اور سول ہسپتال مستونگ کے ساتھ ساتھ ضلع مستونگ میں انسداد پولیو مہم میں مصروف ٹیموں کی حفاظت کے لیے نفری بڑھا دی گئی ہے ۔کلی تیری میں افسوسناک واقعے کے بعد کچھ وقت کے لیے انسداد پولیو مہم معطل رہی، تاہم سکیورٹی فراہم کرنے کے بعد انسداد پولیو مہم مذکورہ یونین کونسل میں دوبارہ شروع کردی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے ۔ انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی، عوام مایوس نہ ہوں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں۔