ڈی چوک احتجاج : 650ملزموں پر 2مئی کو فرد جرم عائد ہو گی

 ڈی چوک احتجاج : 650ملزموں  پر 2مئی کو فرد جرم عائد ہو گی

راولپنڈی ،کراچی، اسلام آباد ، لاہور ( خبر نگار ،دنیا نیوز، اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر )نو مئی واقعات کے بعد تحریک انصاف کی حکومت مخالف دوسری بڑی احتجاجی مہم نومبر احتجاج کے 24 مقدمات کا باقاعدہ عدالتی ٹرائل کا مرحلہ شروع ہو گیا ۔

انسداد دہشتگر د ی عدالت کے جج ماجد علی شاہ نے فرد جرم عائد کرنے کے لئے 2 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ۔650 ملزموں میں چالان کی نقول تقسیم کر دی گئیں ۔ 946 ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ۔جمعرات کو انسداد دہشتگر دی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے نومبر احتجاج کے اٹک کے 15 مقدمات کی سماعت شروع کی تو استغاثہ کی جانب سے پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے ریکارڈ پیش کیا ۔ سماعت کے دوران کل 363 ملزموں نے عدالت میں اپنی حاضری لگائی۔واضح رہے کہ پراسیکیوشن نے چالان کی کاپیاں جنوری 2025 میں عدالت میں جمع کرائی تھیں۔نو مقدمات میں دو ہزار سے زائد ملزم ہیں۔ بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی ، علیمہ خان ، عارف علوی ، علی امین گنڈاپور بھی ملزموں میں شامل ہیں ۔مرکزی ملزموں میں سے اکثر عبوری ضمانت پر ہیں۔ادھر کراچی میں انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 17 ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کو شاہ فیصل تھانے میں ہنگامہ آرائی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما راجہ اظہر، فہیم خان اور شاہنواز جدون سمیت دیگر پیش ہوئے ۔

اے ٹی سی نے 17 ملزموں پر مقدمے میں فرد جرم عائد کی تاہم کمرہ عدالت میں موجود ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اور استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ سنگجانی جلسہ پر درج مقدمہ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔دوران سماعت تفتیشی افسر کی استدعا پر درخواست ضمانت پر دلائل نہ ہوسکے ، عدالت نے کہاکہ کیس کی اگلی سماعت پر ریکارڈ پیش کیا جائے اور دلائل دیئے جائیں،عدالت نے سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ میں 9مئی کے مقدمے میں ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے شہری محمد فرخ کو سنٹرل جیل فیصل آباد میں منتقل کرنے کی درخواست پر عدالت نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ، محمد فرخ کو فیصل آباد جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ۔وکیل نے نکتہ اٹھایاکہ مبینہ جرم بھی فیصل آباد میں ہی ہوا تھا لہذاعدالت درخواست گزار کو سیالکوٹ جیل سے فیصل آباد منتقل کرنے کا حکم دے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں