مریم نواز کا گوجرانولہ،سیالکوٹ کادورہ،صفائی ستھرائی،ٹریفک اور تجاوزات کا جائزہ
گوجرانوالہ ،سیالکوٹ (نیوزرپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گاڑی پر جی ٹی روڈ پر مختلف شہروں کے اچانک دورے کئے ،انہوں نے گوجرانوالہ اورسیالکوٹ سمیت نواحی علاقوں گکھڑ منڈ ی ،وزیرآباد ، سمبڑیال اور۔۔۔
دیگر شہروں میں ’’ستھرا پنجاب ‘‘کے تحت صفائی ستھرائی ، ٹریفک،تجاوزات اورروڈز کی عمومی صورت حال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو صفائی ستھرائی میں مزید بہتری کی ہدایت کی،انہوں نے کہاکہ شہروں اور دیہات میں صفائی حکومت کی ذمہ داری ہے ،گلی محلوں اور بازاروں کو صاف ستھرا رکھنے میں شہری حکومت کی معاونت کریں۔ مریم نواز اچانک بلا شیڈول گوجرانوالہ پہنچیں اور اندرون شہر اور جی ٹی روڈسے ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا ،انہوں نے کھارادان بازار، گوندلانوالہ بازار،دیگی بازار، چوک فاروق اعظم اور دیگر بازاروں کے دورے کے دوران دکانداروں اور شہریوں سے بات چیت کی،شہری وزیراعلی ٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیرت میں مبتلاہوگئے ۔ایک دکاندار نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اپنی لیڈر کو اپنی ہی دکان پر دیکھنا بہت بڑی خوشی ہے ۔ مریم نواز نے گاڑی روک کر مشہور دکان سے بیسن سے بنی سویاں بھی خریدیں جبکہ سگنل فری کوریڈور اور چند داقلعہ فلائی اوور کا بھی دورہ کیا۔گوجرانوالہ انتظامیہ نے وزیراعلیٰ کو نجی ہوٹل میں مختلف امور پر بریفنگ دی ۔
مریم نواز نے نجی ہوٹل میں قیام و طعام کا انتظام کرنے پر کمشنر و ڈی سی گوجرانوالہ کی سرزنش کی ،انہوں نے کہا کہ میں یہاں کھانا کھانے نہیں بلکہ شہر کے وزٹ کے لئے آئی ہوں، وزیر اعلیٰ کی اچانک آمد پرافسروں کی دوڑیں لگ گئیں ۔گوجرانوالہ سے واپس لاہور جاتے ہوئے مریم نواز نجی ہوٹل سے مٹن کنا ، باربی کیو ، مٹن مچھلی اورکھیر پیک کرواکر ساتھ لے گئیں۔دورہ گوجرانوالہ کے دوران وزیراعلیٰ کی کسی رکن اسمبلی سے ملاقات نہیں ہوئی ،کچھ ارکان اسمبلی سرکٹ ہاؤس میں ان کا انتظارکرتے رہے ۔قبل ازیں مریم نوازشریف سمبڑیال میں رکن صوبائی اسمبلی چودھری ارشد وڑائچ مرحوم کی رہائش گاہ گئیں اوران کی بیٹیوں حنا ارشد وڑائچ اور زینا مصطفی وڑائچ سے تعزیت کی ۔وزیراعلی ٰ نے انسدادِ ملیریا کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ ملیریا ایک خطرناک مگر قابلِ علاج مرض ہے ، خاتمے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔ملیریا کا خاتمہ اور صحت مند معاشرہ پنجاب حکومت کی ترجیح ہے اوراس کیلئے خصوصی فنڈز مختص کئے ہیں ۔عوام ملیریا کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں صاف پانی کو ڈھانپیں، مچھردانیوں کا استعمال کریں،پنجاب کا ہر بچہ، ہر ماں، ہر خاندان ہماری ترجیح ہے ، اور ان کا تحفظ ہمارا مشن ہے ۔