67 ہزار عازمین حج کا مسئلہ حل کرینگے ،شہباز شریف

67 ہزار عازمین حج کا مسئلہ حل کرینگے ،شہباز شریف

ا سلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 67 ہزار نجی سکیم کے عازمین حج کے لئے سعودی حکام سے رابطہ کیا جائے گا، مسئلہ حل کرنے کے لیے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کے نمائندوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کی اور عازمین کو حج پر بھجوانے کے لئے مدد مانگ لی۔ وفاقی وزیر سردار یوسف، چیئرمین مولانا عطا الرحمٰن، رکن کمیٹی بشریٰ بٹ اور ہوپ کے نمائندوں نے وزیراعظم کو مؤقف سے آگاہ کیا۔وفد نے درخواست کی کہ وزیراعظم عازمین حج کے معاملے پر کردار ادا کریں اور نجی کوٹے کے عازمین کے لئے سعودی حکام سے اجازت لیں۔ذرائع نے بتایا وزیراعظم نے نجی سکیم کے عازمین کے معاملے پر ہر ممکن تعاون اور کوششوں کی یقین دہانی کرادی ، حج بحران پر شہباز شریف نے نجی آپریٹرز اور وزارت مذہبی امور حکام پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا پرائیویٹ سکیم کے عازمین کا معاملہ ہمارے لئے باعث شرمندگی ہے ۔

علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری میں شفافیت اور مجوزہ معینہ مدت میں نجکاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، یہ ہدایات انہوں نے اپنی زیر صدارت پی آئی اے کی نجکاری پر جائزہ اجلاس میں دیں ۔وزیر اعظم نے ہدایت کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے پی آئی اے سمیت تمام سرکاری کمپنیوں کی نجکاری آئندہ براہ راست ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کی جائے ۔ شہباز شریف نے حساس قیمتوں کے اشارئیے کی سالانہ شرح منفی 3.52 فیصد تک کم ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا معاشی اشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی طرف گامزن ہیں ۔ شہباز شریف نے کہا حکومت ملک سے ملیریا کے خاتمے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاتمام سٹیک ہولڈرز، حکومت، سول سوسائٹی، ہیلتھ ورکرز اور بین الاقوامی برادری سے اپیل کی وہ متحد ہو کر اس اہم مشن کے لئے کام کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں