پیپلز پارٹی کو کبھی لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملی :حسن مرتضیٰ
سیالکوٹ/لاہور (آئی این پی)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کو کبھی لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملی ، خاص طور پر لوٹا کریسی اور چھانگا مانگا کی سیاست کو پیپلز پارٹی کے خلاف استعمال کیا گیا،ہمیں حکومت میں ہونے کے باوجود ابھی تک فنڈز نہیں مل رہے ۔
وہ پیپلزپارٹی سمبڑیال سٹی کے صدر احسن گھمن کے ڈیرے پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔انکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایشوز کی سیاست کرتی ہے ۔زراعت،پانی کی تقسیم آئینی ترمیم پر بلاول بھٹو متحرک نظر آتے ہیں۔سیاسی جماعتوں کے نظریات کمزور پڑ سکتے ہیں پیپلز پارٹی کے نہیں۔انہوں نے کہا کہ آئینی عہدے ہونے کا ہرگز مطلب حکومت نہیں۔اختیار ایگزیکٹو کے پاس ہوتا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اسرائیل سے فارن فنڈنگ لینے والے کوآج کوئی نہیں پوچھتا۔ایک سیاسی جماعت نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے بھر پور کردار ادا کیا ۔پیپلز پارٹی اشاروں کی سیاست کرتی تو گڑھی خدا بخش میں سینکڑوں قبریں نہ ہوتیں۔میں خود فارم 47کا شکار ہوں۔میں 44ہزار ووٹ لیکر ہار گیا ہوں۔