گرینڈ ہیلتھ الائنس کا آج مارچ، 2 ڈاکٹر معطل، ایک برخاست
لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے، ہیلتھ رپورٹر) ہسپتالوں میں اوپی ڈی کی بندش اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کے رد عمل پر ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی۔
تمام ڈاکٹرز و عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں،تمام ڈاکٹرز کو بیرون ملک سے بھی بلا لیا گیا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین، چلڈرن ہسپتال کا صدر معطل، لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیا سیکرٹری ڈاکٹر عامر بشیر کو عہدہ سے برخاست کردیا گیا۔گرینڈ ہیلتھ الائنس کے دھرنا کا 22واں روز ہے اور آج ساڑھے دس بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کی دھمکی کے رد عمل کے طور پر محکمہ صحت سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب سمیت تین ڈاکٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا ہے ۔ڈاکٹر سلمان حسیب سروسز ہسپتال میں گریڈ 17 کی سیٹ پرڈیمونسٹیریٹرتعینات تھے ۔ اسی طرح لاہورجنرل ہسپتال کے ایڈہاک پر بھرتی والے اور وائے ڈی اے جنرل ہسپتال کے میڈیا سیکرٹری ڈاکٹر عامر بشیر کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ۔چلڈرن ہسپتال کے وائے ڈی اے کے صدر و پی جی آر ڈاکٹر احمد یار کی ٹریننگ منسوخ کر دی گئی ہے اور مزید معطلیاں آج ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے طبی عملے کی تمام چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دیں۔
ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ سٹاف کو فوری ڈیوٹی پر واپس آنے کا حکم دیا گیا ہے ۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس ضمن میں مراسلہ جاری کردیا۔ 28 اپریل سے تمام میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، مراسلہ کے مطابق ایکس پاکستان لیو، میٹرنٹی اور عدت کی چھٹیوں کے علاوہ باقی تمام چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔ میڈیکل کالجز، ہسپتالوں، یونیورسٹیز میں عملہ فوری رپورٹ کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر دھرنا اور مارچ کے باعث محکمہ صحت نے ڈاکٹرز کے دھرنے کی وجہ سے چھٹیاں منسوخ کی ہیں کیونکہ اگر آج پولیس نے لاٹھی چارج کیا تو وائے ڈی اے کے صدر نے ان ڈور سروسز بھی معطل کرنے کا اعلان کررکھا ہے ۔ادھر لاہور سمیت پنجاب کے بی ایچ یو و ہسپتالوں کی نجکاری کے معاملہ پر 21 روز سے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے میں شامل ہیلتھ ملازمین اور حکومت کے درمیان غیرسنجیدگی برقرار ہے ،گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کی ایک ہفتہ اوپی ڈی بند ہونے سے تین لاکھ سے زائد مریض متاثر ہو ئے ۔ سیکڑوں مریضوں کے آپریشن اور پروسیجر بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔دور دراز سے آئے مریضوں کومشکلات کا سامنا رہا ہے۔