کالا باغ منصوبے کو بینظیر اور کینالز کو بلاول بھٹو نے دفن کرادیا :پیپلزپارٹی
کراچی (سٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ کالا باغ منصوبے کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے دفن کیا اور کینالز منصوبے کو بلاول بھٹو نے دفن کرادیا۔
مخالفین نے پیپلز پارٹی کیخلاف محاذ بنایا، کینالز پر سیاست کرنے والوں کو چاہیے وہ اب اس مردہ منصوبے پر سیاست کے بجائے سڑکیں کھول دیں،عوام کو مزید تکلیف میں مبتلا نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہارپیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سید وقار مہدی، وزیر بلدیات سعید غنی و دیگر نے اتوار کو ڈسٹرکٹ کورنگی کے تحت مقامی ہال میں مسلم ن لیگ سندھ کے سینئر نائب صدر رانا احسان، رانا طارق ، رانا علی، اسد اللہ، رضوان شفیق سمیت دیگر کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ادھر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ایک بیان میں کہا کہ متنازع کینالوں کا مسئلہ بلاول بھٹو کی قیادت میں حل ہو چکا،مشترکہ مفادات کونسل کے آفیشل اجلاس کے بعد یہ معاملہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور وکلا برادری سے گزارش ہے سڑکیں کھول دیں، گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی کو مزید مالی یا معاشی نقصان نہ ہو۔