پہلا ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف، فوٹو کاپی کی ضرورت ختم

کراچی (این این آئی) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستان کا پہلا ڈی میٹیر یلائزڈ شناختی کارڈ متعارف کرادیا۔۔۔
جس کے بعد اب شہریوں کو قومی شناختی کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی جیب میں رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور یہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ ترجمان نادرا سید شباہت کے مطابق شہری پاک آئی ڈی ایپ پر اپنے موجودہ شناختی کارڈ کے کیو آر کوڈ کی تصویر اپ لوڈ کریں گے جس کے بعد 30 منٹ کے اندر ویریفیکیشن مکمل ہوگی اور ڈیجیٹل کارڈ ایپ کے والٹ میں دستیاب ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر موبائل فون گم یا چوری ہوجائے تو نیا فون لے کر ایپ میں لاگ ان کرنے پر ڈیجیٹل کارڈ دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے ۔مزید برآں نادرا جلد ہی پاک آئی ڈی ایپ پر فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)اور چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی)کی ڈیجیٹل دستیابی بھی متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے۔