راولپنڈی ، لاہورتیز ترین بلٹ ٹرین کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)راولپنڈی سے لاہورتیز ترین بلٹ ٹرین کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دیدیا گیا، ورکنگ گروپ کی تجاویز آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ کو پیش کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ مریم اورنگزیب نے منصوبے کی فیزیبلٹی ، ٹائم لائن کی تیاری کے لئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان، مشیر وزیرعلیٰ پنجاب شاہد تارڑ، چیئرمین ریلوے ، سی ای او ریلوے پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا۔ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی بلٹ ٹرین سوا دو سے اڑھائی گھنٹے میں فاصلہ طے کرے گی، نئے ریل روٹس کی نشاندہی کی جائے گی ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا آغاز کرکے نواز شریف اور مریم نواز شریف عوام سے اپنے ایک اور وعدے کو پورا کریں گے ، مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے سٹیشن کی اپ گریڈیشن بھی پلان میں شامل ہے۔