فصلوں کی کٹائی کا اعلان بھی فالس فلیگ آپریشن : تھنک ٹینک

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے اٹاری کے مقام پر فصلوں کی کٹائی کے حوالے سے جواعلان کئے گئے ہیں یہ صرف پاکستان پر پریشر ڈالنے کیلئے ایسا کیا گیا۔۔۔
اٹاری میں فصلوں کی کٹائی کا جو اعلان کیا ہے یہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن ہے ،اس میں کوئی خطرے والی بات نہیں ہے ۔دنیا نیوز کے پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان مریم ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا زیادہ سے زیادہ بھارت یہ کرسکتاہے کہ وہ کنٹرول لائن پر یا پاکستان والی سائیڈ پر محدود آپریشن کرسکتا ہے ،بڑی جنگ کا امکان اس وجہ سے نہیں ہے دونوں ملک نیوکلیئر پاور ہیں،پاکستان کی پاور کا بھارت کو بھی پتا ہے اس وجہ سے وہ جنگ نہیں کریگا۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ بھارت میں کئی سوالات اٹھ رہے ہیں،بھارت میں جو اے پی سی بلائی گئی تھی، اس میں بھارتی وزیر دفاع سے سوالات کئے گئے کہ حفاظتی اقدام کیا تھے ،وہاں فوج اور پولیس کیوں نہیں تعینات تھی؟،اس پر اس نے کوئی جواب نہیں دیا،انہوں نے ایک بات مان لی وہاں پر ہماری انتظامی کمزوری تھی،بھارتی آرمی چیف نے جب پریس کانفرنس کی تو اس سے بھی یہی سوالات کئے گئے ،وہ پھر پر یس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے ۔ تجزیہ کا رڈاکٹر قمر چیمہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے دنیا کو بھی بھارت کے رویہ کا علم ہے ، قطر ، امریکا ،کینیڈا میں بھارت دہشت گردی میں ملوث نکلا۔اس وجہ سے بھارت کی کہانی بک نہیں رہی ۔ معروف تجزیہ حفیظ اللہ نیازی نے کہا ہے کہ ہندومسلم فسادات کرکے مودی اپنی سیاست چمکا رہا ہے ،مودی کافی عرصہ سے پاکستان سے پنگا لے رہا تھا ، اب وہ اس مرتبہ پھنس گیا ہے۔