پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی مسلمانوں پر تشدد میں اضافہ

پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی مسلمانوں پر تشدد میں اضافہ

اسلام آباد(آن لائن)پہلگام فالس فلیگ کے بعد ہندو انتہا پسندوں کا مسلمانوں پر تشدد اور انتشار بڑھنے لگا۔ نینی تال میں انتہا پسند ہندوئوں نے مسلمانوں کی دکانوں کو توڑا اور لوٹ مار کی مگر پولیس خاموشی سے سارا معاملہ سامنے کھڑی دیکھتی رہی۔

انتہا پسند ہندوؤں کی درندگی کے خلاف بھارتی شہری شاہیلا نگی نے آواز اٹھائی اور ہجوم کے سامنے ڈٹ گئی، نہتی لڑکی دکانوں کو بچانے کی کوشش کرتی رہی۔شاہیلانگی کو مسلمانوں کا ساتھ دینے پر انتہا پسند ہندوئوں کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں مگر وہ بہادری سے ان شرپسندوں کیخلاف ڈٹ گئی۔ شاہیلانگی نے کہا کہ پہلگام میں جو ہوا اسے انتہا پسند ہندو ہتھیار بنا کر دنگا فساد کر رہے ہیں، انتہا پسند اپنی سوچ دیکھیں یہ تمہاری سوچ ہے جو تمھیں سڑکوں پر لے آئی، انتہا پسند ہندوئوں کا مقصد صرف مسلمانوں کو نقصان پہنچانا اور دنگا فساد کرنا ہے ۔سچ بولنے پر مجھے انتہا پسند ہندوئوں کی طرف سے ریپ کی دھمکیاں مل رہی ہیں، میں نہیں ڈروں گی کیونکہ سچ کی طاقت میرے ساتھ ہے ۔ادھر بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما نے لائیو پروگرام میں ہندو انتہا پسند وزیراعظم نریندر مودی کا لاشوں پر ووٹ مانگنے کا کلپ لائیو پروگرام میں چلا دیا۔کانگریس رہنما کی جانب سے ویڈیو چلاتے ہی اینکر پرسن کو سانپ سونگھ گیا، ویڈیو میں مودی کی جانب سے پلوامہ کے شہدا کو ہتھیار بنا کر ووٹ کی اپیل کی جا رہی ہے جس نے مودی کا گھناؤنا چہرہ بھارت سمیت دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں